بھارت میں کورونا سےمزید 2812 مریض جان کی بازی ہار گئے

08:19 AM, 26 Apr, 2021

حسان عبداللہ

ویب ڈیسک: ہمسایہ ملک انڈیا میں کورونا وبا کی دوسری لہر نے مزید خطرناک صورتحال اختیار کرلی ہے اور صرف ایک دن میں مزید ساڑھے تین لاکھ سے زائد کیسز  رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بھارتی وزیراعظم مودی نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ ملک میں کورونا کی لہر نہیں طوفان آیا ہوا ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال میں مزید ابتری آئی ہے. اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 2 ہزار 812 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں، صرف دارالحکومت نئی دہلی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 913 کیسز سامنے آئے اور 350 اموات ہوئیں۔

دوسری جانب برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ  بھارت میں کورونا کی ابتر صورتحال تاحال عروج پر نہیں پہنچی ہے، لہذا آئندہ آنے والے دنوں میں بھارت کو مزید خراب حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں ابتک ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائدکووڈ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، ہسپتالوں میں بیماروں کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے جبکہ شمشان گھاٹوں کے باہر میتوں کی آخری رسومات کے لیے طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

مزیدخبریں