کراچی سے لاپتا لڑکی دعا زہرہ کا کھوج لگا لیا گیا

04:05 AM, 26 Apr, 2022

احمد علی
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ملیر کی رہائشی لڑکی دعا زہرہ کا بالاخر سراغ لگا لیا گیا ہے۔ اس نے اپنا ویڈیو بیان بھی جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دعا زہرہ صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن سے ملی ہے، اسے پولیس نے اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔ خیال رہے کہ دعا مرزا کا نکاح نامہ لاہور پولیس کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کیں۔ نکاح نامے کے ایک گواہ اصغر علی جو کہ حویلی لکھا کا رہائشی ہے، پولیس نے اس کا سراغ لگا کر اوکاڑہ پولیس سے رابطہ کیا تو فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا گیا۔ https://twitter.com/ShowbizAndNewz/status/1518794135284629508?s=20&t=uoaM9L7m7EpKZ1vGLyjbmQ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران اس شخص نے بتایا کہ دعا زہرہ اور اس کا شوہر ظہیر دونوں اس کے پاس ٹھہرے تھے اور اب یہاں سے جا کر پاکپتن میں موجود ہیں۔ پولیس نے پاکپتن پر ایک زمیندار کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے دعا اور اس کے شوہر ظہیر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اوکاڑہ پولیس نے دعا زہرہ کا ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں اس نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے یہاں آئی اور ظہیر نامی شخص سے شادی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ کورٹ کے حکم کی روشنی میں ہی ان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب دعا زہرہ نے لاہور کی سیشن عدالت میں والد کے خلاف دعویٰ داٸر کر دیا ہے۔ عدالت میں دئیے گئے بیان میں دعا نے کہا کہ والد میرے کزن زین العابدین سے زبردستی شادی کروانا چاہتے ہیں۔ دعا زہرہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاوند کے ساتھ ہنسی خوشی رہ رہی تھی۔ 18 اپریل کو والد مہدی کاظمی اور کزن زین العابدین اچانک گھر میں گھس آٸے۔ والد اور کزن نے مجھے اور میرے خاوند کے ساتھ گالم گلوچ کی اور دھمکیاں دیں۔ اپنے بیان میں دعا زہرہ نے الزام عائد کیا کہ والد اور کزن نے مجھے میرے گھر سے اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔ اہل محلہ کے جمع ہونے پر دونوں کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ لڑکی نے کہا کہ اپنی پسند سے شادی کی ہے، خاوند کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔ عدالت والد اور کزن کو ہراسان کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ اس بیان پر سیشن عدالت نے دعا زہرہ کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے پولیس کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے تحفظ دینے کا حکم دیدیا ہے۔
مزیدخبریں