عمران خان فارن فنڈنگ کیس کا جواب دیں
05:31 AM, 26 Apr, 2022
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو سوال پوچھے اُس کو گالی اور دھمکی نہ دیں بلکہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے سوالوں کے جواب دیں۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ سب ان کے جھوٹ کی بعیت کر لیں اور کرپشن کا حساب نہ لیں۔ وہ مرضی کے سوال اور اپنی مرضی کے جواب چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران صاحب مرضی کا میچ، امپائر اور کھلاڑی چاہتے ہیں جہاں ان کی مرضی سے آؤٹ اور ناٹ آؤٹ دیا جائے۔ وہ مرضی کا جج، مرضی کا وکیل اور مرضی کا فیصلہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو، وہ اپنے آپ کو ہی آئین اور قانون سمجھتے ہیں۔ وہ خود کو ہی عدالت، جج اور پولیس سمجھتے ہیں۔ عدالت سوال پوچھے تو اس کی توہین کرو، الزام لگائو اور پھر سازش کہو۔ انہوں نے سابق وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سوال پوچھے تو 8 سال بھاگتے رہو، الزام لگائو اور گھیراؤ کی دھمکیاں دو۔ میڈیا سوال پوچھے تو چینل، پروگرام اور کالم بند کرو، مقدمات اور کالے قانون بنائو، جیلوں میں ڈالو۔ سیاسی مخالفین سوال اٹھائیں تو انہیں سزائے موت کی چکیوں میں ڈالو، گھر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرو۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہر ادارے، ہر اختیار کو سیاسی مخالفین سے سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرو، پھر ریاست مدینہ کے ترانے پڑھو۔ چار سال ہر کوشش کے باوجود کسی ایک سیاسی مخالف کے خلاف ایک الزام ثابت نہ کر سکو۔ ایک ثبوت نہ دے سکو، لیکن جھوٹ پہ جھوٹ بولتے رہو۔ ایسے شخص کو ذہنی مریض کہتے ہیں جس کی جگہ پاگل خانہ ہوتا ہے۔