مریم کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ کا چوتھا بینچ بن گیا

03:20 PM, 26 Apr, 2022

احمد علی
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا چوتھا بینچ تشکیل دیدیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیا بنچ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل ہے ،جسٹس علی باقرنجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بینچ کل درخواست پر سماعت کرےگا۔ خیال رہے کہ 21 اپریل کو جسٹس شہباز رضوی کی سربراہ میں دو رکنی بنچ نے سماعت سے انکار کر دیا تھا۔آج صبح جب جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ میں سماعت شروع ہوئی تو آج دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس فاروق حیدر نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد درخواست نئے بینچ کے روبرو لگانے کیلئے چیف جسٹس کو بھجوائی گئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی ہی سربراہ میں دوسرا بنچ تشکیل دیا گیا جس میں جسٹس اسجد جاوید کو شامل کیا گیا تھا، دوران سماعت جسٹس باقر نجفی نے بتایا کہ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی جس کے بعد یہ بینچ بھی تحلیل کیا جاتا ہے۔بعد ازاں نئے بینچ کے تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس کے پاس گیا جس کے بعد انہوں نے نیا بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ خیال رہے کہ مریم نواز 27 اپریل کو عمرے پر جانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے موقع پر عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر کیا تھا۔
مزیدخبریں