الیکشن ایک ساتھ یا علیحدہ، فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،اتحادی جماعتوں کا فیصلہ
06:42 PM, 26 Apr, 2023
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ ملک میں الیکشن سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ ہی کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں بلاول بھٹو ، خالد مقبول صدیقی، مولانا فضل الرحمان، طارق بشیرچیمہ، ساجد میر، حافظ عبدالکریم، مریم اورنگزیب، اعظم نزیر تارڑ، رانا ثنااللہ، قمر زمان کائرہ، ایاز صادق ، میاں افتخار، آفتاب شیرپاؤ، خالد مگسی، آغا حسن بلوچ، چوہدری سالک حسین، اور اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے ۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ایک ساتھ ہونے ہیں یا علیحدہ علیحدہ اورکب ہونے ہیں، فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کریں گے لیکن کسی کی بھی ضد، انا اورخواہشات کے مطابق فیصلے نہیں ہوسکتے ہیں جبکہ تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے پارلیمنٹری کمیٹی کا فورم استعمال کیا جائے گا ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کیلئے فنڈز کے اجرا کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا فیصلہ دے چکی ہے اور پارلیمنٹ کا بھی فیصلہ مقدم ہے، سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے ۔