مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر پنجاب پولیس کا ردعمل آگیا

12:45 PM, 26 Apr, 2024

ویب ڈیسک: پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب اور گورنر پنجاب پولیس کی یونیفارم قانونی طور پر پہن سکتے ہیں۔

پنجاب پولیس نے جمعرات کے روز اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’ پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پولیس کی وردی پہننے کی اہل ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعلیٰ مریم نواز کے پولیس یونیفارم زیبِ تن کرنے پر وزیراعلیٰ اور پنجاب پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جمعرات کو پنجاب پولیس کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب اور گورنر پنجاب پولیس کے یونیفارم پہننے کے حوالے سے پولیس رولز میں ترمیم کی گئی تھی۔

پولیس رولز کے آرٹیکل 27 رولز 4.2 کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب خاص مواقع پر پولیس کی یونیفارم پہن سکتے ہیں۔ وزیراعلٰی اور گورنر پنجاب پاسنگ آؤٹ پریڈ، پولیس دربار، پولیس دفاتر کے دورے پر پولیس کی حوصلہ افزائی کے لیے پولیس یونیفارم پہن سکتے ہیں۔

رولز میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب اور گورنر پنجاب پولیس یونیفارم پر سی ایم اور گورنر پنجاب کے نام کی پلیٹ لگائیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز جمعرات کے دن لاہور کے پولیس ٹریننگ کالج میں منعقد ایک تقریب کے دوران پولیس یونیفارم زیب تن کیے ہوئے دکھائی دیں۔ پنجاب حکومت کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے اس تقریب کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ لیڈی ریکروٹ کورس اور لیڈی ٹریفک اسسٹنٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تھی۔

پنجاب پولیس نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر وزیراعلی مریم نواز کی پولیس یونیفارم میں ملبوس تصویر کے ساتھ 30 جنوری، 2024 کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن بھی شیئر کیا ہے جس کے تحت ’ پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ میں ترمیم کی گئی ہے۔

ترمیم کے مطابق، پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے پنجاب کے گورنر اور وزیر اعلیٰ پریڈ اور پولیس دربار جیسے رسمی مواقع پر وردی پہن سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ نوٹیفکیشن پنجاب کے سابق نگران ویراعلیٰ محسن نقوی کے دور میں آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے دستخط سے جاری ہوا تھا۔

زیراعلٰی پنجاب کے پولیس یونیفارم پہننے پر جہاں سوشل میڈیا پر انہیں سراہا گیا وہیں ان پر کافی تنقید بھی ہوئی۔ مگر بات خالی تنقید تک ہی نہ رہی بلکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے سیشن کورٹ لاہور میں درخواست دائر کر دی گئی۔

سیشن کورٹ میں درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کے اہلکاروں کے لیے مخصوص وردی نہیں پہن سکتا۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ پولیس کو مریم نواز کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں