ہم 48 گھنٹوں میں پنجاب حکومت گرا سکتے ہیں
11:22 AM, 26 Aug, 2021
کراچی ( پبلک نیوز ) مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ اگر ہم پنجاب حکومت گرانا چاہیں تو 48 گھنٹے کافی ہیں،ہمارا منشور ہے حکومت کو گرانا نہیں پاکستان کو مستحکم کرنا ہے، اس وقت حکومت الزام تراشی پر کام کر رہی ہے ،ہمارا مقابلہ کرپشن سے ہے ، فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں تو آئندہ حکومت نواز شریف کی ہو گی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن )کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ باتوں سے فرق نہیں پڑتا، عمل سے ثابت کیا کہ ہاکستان کو خوشحال کیسے کرنا ہے، پارٹی کا دفتر ایک مقدس جگہ ہے ، جن لوگوں نے مسلم لیگ ہائوس پر حملہ کیا، ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ، پارٹی میں اختلافات ہوتے ہیں ،کراچی ڈویژن اور مسلم لیگ ہاؤس پر قبضہ اور توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل سمیت چالیس دوستوں نے استعفی دیا ہے اس کا مجھے نہیں معلوم ،کراچی ڈویژن کے صدر اور مفتاح اسماعیل کے حوالے سے احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے، شہباز شریف آئندہ بھی کراچی سے الیکشن لڑیں گے ، اب وقت آ گیا ہے کے اس لوٹ مار کے ٹولے کا کڑا احتساب کیا جائے ۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے ان کی کرپشن کا بھی حساب لیا جائے ، شہباز شریف کراچی میں اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے، قرضے نہ لینے کی بات کرنے والے حکمران نے ملک کو قرضے میں پھنسا دیا ہے ، پاکستان پر ایسے لوگ مسلط ہو چکے ہیں جن کو افغانستان کے مسئلے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں نہیں بلایا گیا ۔ پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کا دعویٰ کرنے والے حکمران کا کوئی فون اٹھانے کو تیار نہیں ، ان تمام حالات کے اندر پی ڈی ایم کو بنانے کا مقصد ان کی نا اہلی کو عوام کے سامنے لایا جائے ، 28 تاریخ کو ہونے والے جلسے میں شہباز شریف 26 اگست کو کراچی کی عوام کے درمیان ہوں گے ، شہباز شریف کا کراچی ایئر پورٹ ہر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔