4ملکی دورہ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران پہنچ گئے

12:38 PM, 26 Aug, 2021

شازیہ بشیر
پبلک نیوز: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چار ملکی دورہ کے آخری مرحلے میں ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مھر آباد ہوائی اڈے پر ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ دورہ ایران کے دوران ہونے والی ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور افغانستان سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ کا یہ چار ملکی دورہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے علاقائی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی کوششوں کا مظہر ہے۔
مزیدخبریں