عمران خان اور پرویز الٰہی کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ملتوی
06:15 AM, 26 Aug, 2022
سابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ملتوی ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقے روجھان کا دورہ کرنا تھا اور ان کی آمد کی وجہ سے شمش آباد کے قریب انڈس ہائی وے پر ہیلی پیڈ بھی تیار کر لیا گیا تھا مگر موسم کی خرابی کے باعث اب یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے روجھان کے دورے کے موقع پر پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقاتیں بھی کرنا تھیں۔ خیال رہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث پنجاب کا ضلع راجن پور مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے، علاقے میں خوراک کی قلت ہے ، انتظامی مشینری بھی غائب ہے، بچے اور بڑے سب بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ بیس دن سے ڈیرہ غازی خان بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی زد میں ہے دوسری جانب پانی کی رفتار سے شہر کو سیلابی خطرے کا سامنا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کو خطرہ نہیں ہے کیونکہ پانی دیہی علاقوں کی طرف جا رہا ہے۔