کراچی: گولیمار کی حدود میں فائرنگ کے واقعے پر مختلف مذہبی مکاتبِ فکر کے علماء کرام کا ردعمل

11:46 AM, 26 Aug, 2024

ویب ڈیسک: کراچی میں گزشتہ روز گولیمار کی حدود میں مذہبی ریلی کے دوران پرتشدد واقعات پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے پُرزور مذمت کرتے ہوئے اہل کراچی سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل کی ہے۔

مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش کی گئی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد تخریب کاروں کو گرفتار کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان پر امن رہیں اور شرپسند عناصر کی بد امنی کی سازش کو ناکام بنائیں۔ مولانا اورنگزیب فاروقی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سےجلد از جلد غیر جانبدار انکوائری کی درخواست کی۔

علاوہ ازیں علامہ سید نذیر عباس تقوی نے مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مکار دشمن کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔

مولانا تاج حنفی نے کہا کہ کراچی میں گولیمار کی حدود میں مذہبی مارچ پر شرپسندی کی مذمت کرتے ہیں۔ مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ہم فرقہ واریت، شدت پسندی اور بدامنی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لسبیلہ کے قریب مذہبی جماعت کے جلوس پر حملے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں