بلدیاتی انتخابات سے قبل بلدیاتی ڈھانچے میں تبدیلی کا فیصلہ

12:50 PM, 26 Aug, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے قبل بلدیاتی ڈھانچے میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق حکومت آج قومی اسمبلی سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹوری مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 کی منظوری لے گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیمی بل میں 2015 کے ایکٹ کے سیکشن 11 کا متبادل متعارف کیا گیا ہے۔ ترمیمی بل میں 2015 کے ایکٹ کے سیکشن 17 میں ترمیم کی گئی ہے۔ ترمیمی بل کے ذریعے یونین کونسل کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ ترمیمی بل کے ذریعے یونین کونسل باڈی میں ایک خاتون ممبر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق یونین کونسل میں چیئرمین اور نائب چیئرمین بطور متفقہ امیدوار ہوں گے۔ یونین کونسل میں 9 جنرل اراکین، تین خواتین، ایک ورکر اور ایک یوتھ ممبر ہو گا۔ یونین کونسل میں ایک غیرمسلم کی شمولیت بھی لازمی ہو گی۔

مزیدخبریں