190ملین پاؤنڈریفرنس میں اہم پیشرفت،بڑی خبرآگئی

03:20 PM, 26 Aug, 2024

ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس پر سماعت29 اگست تک ملتوی  کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں عدالت پیش ہوئی جبکہ عمران خان کی جانب سے خالد یوسف چوہدری، نعیم پنجوتھہ اور فیصل چوہدری ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکلاء صفائی کی عدم دستیابی پر سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کردی گئی،عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء کی استدعا مسترد کر دی۔

عدالت نے وکلاء صفائی کو ریفرنس کے تفتیشی افسر پر جرح کا آخری موقع دے دیا۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء کے وکالت نامے کی جانچ پڑتال کا حکم  دیدیا۔

ریفرنس کے تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عمر ندیم کے بیان پر جرح مکمل نہ ہو سکی۔

دوران سماعت بشریٰ بی بی  روسٹرم پر آگئیں اور فاضل جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میری بیرک میں چوہے ہیں، نماز کے دوران چوہے چھت سے گرتے ہیں،تین ماہ سے چوہوں کا مسئلہ چل رہاہے ‘۔

احتساب عدالت کے جج نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ بتائیں آپ کے وکلا کدھر ہیں؟۔ خان صاحب آپ کے وکلاء پیش نہیں ہو رہے،قانون اپنا راستہ لے گی۔

بشریٰ بی بی کی شکایت پر عدالت نے  ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کو طلب کرلیا اور حکم دیا کہ یہ مسئلہ  حل کریں۔

ڈپٹی سپریٹنڈنٹ  طاہر صدیق شاہ نے موقف اپنایا کہ ہمیں آج ہی پتہ چلا ہے، مسئلہ حل کرلیتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی  کردی۔ 

مزیدخبریں