انڈر 19 ایشیا کپ؛ پاکستان نے انڈیا کو شکست دیدی

11:40 AM, 26 Dec, 2021

احمد علی

انڈر19ایشیاکپ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹ سے شکست دے دی اور ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

قومی ٹیم اس فتح کے ساتھ ہی ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔پاکستان کو آخری گیند پر جیت کے لئے دورنز کی ضرورت تھی۔پاکستان نےکئی نشیب و فراز کے بعدہدف آخری گیند پر آٹھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔احمد خان نے19گیندوں پر29رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اوردو چوکے شامل تھے۔علی اسفند ایک رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔

جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی۔پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے کھلاڑیوں کو جیت پر شاباش دی ہے۔چند ہفتے قبل دبئی میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو دس وکٹ سے ہرایا تھا۔نوجوان پاکستانی کرکٹرز نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ہفتے کودبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں بھارت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49اوورز میں237رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔پاکستانی اننگز ہچکولے کھاتی رہی۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈاون پر آنے والے محمد شہزاد نے سب سے زیادہ82رنز بناکر رن آوٹ ہوئے ان کی اننگز میں پانچ چھکے اورچار چوکے شامل تھے انہوں نے 105گیندوں کا سامنا کیا۔معاذشفقت نے29،عبدال بنگلزئی صفر،حسیب اللہ خان نے تین اور کپتان قاسم اکرم نے22رنز بنائے۔عرفان خان نے33اوررضوان محمود نے29رنز بنائے لیکن دو ہدف حاصل کرنے سے قبل آوٹ ہوگئے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بھارت کے وکٹ کیپر اریادیا رادیو نے83گیندوں پر تین وکٹ پر پچاس رنز بنائے۔ہر نور سنگھ نے46،کوشال تامبے نے32رنز بنائے۔کپتان یش دھول،اوپنر انگ کرش کوئی رن نہیں بناسکے۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر ذیشان ضمیر نے تین اور اویس علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کپتان قاسم اکرم اور ماض صداقت کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

انڈر 19 ایشاء کپ کرکٹ میں پاکستان نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔افغان ٹیم صرف 52 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ پاکستان جونیئرز نے ہدف 6 وکٹ پر حاصل کر لیا تھا۔ہفتے کو ہونے والے ایک اور میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو141رنز سے شکست دے دی۔میزبان ٹیم 195رنز کے ہدف کے تعاقب میں14.4اوورز میں صرف54رنز پر آوٹ ہوگئی۔

مزیدخبریں