وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل کو فنکاروں کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی تصویر پر طنزیہ ٹوئٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہباز گل نے نواز شریف کے ساتھ فنکاروں کی تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لندن میں نواز شریف کی اہم ملاقاتیں۔ حکومت کی تبدیلی کا پلان طے ہوگیا!!!
طنزیہ ٹوئٹ کے جواب میں ایک ویڈیو بیان میں کامیڈین طاہر انجم نے شہباز گل کو "بھانڈ" قرار دے دیا۔ کامیڈین اور اداکار طاہر انجم نے شہباز گل کو مخاطب کرکےکہا کہ فنکاروں کو نیچا دکھانے سے پہلے اپنا عہدہ دیکھ لیں، آپ حکومتی عہدیدار ہیں۔ طاہر انجم کا کہنا تھا کہ یہی سب سے بڑی تبدیلی ہےکہ نواز شریف ملک کے فنکاروں اور عام عوام سے مل رہے ہیں جب کہ عمران خان اشرافیہ اور سرمایہ داروں سے مل رہے ہیں۔