عمران خان نے تحفے بیچ کر دوست ممالک کی محبت کا جنازہ نکالا، وزیراعظم

02:33 PM, 26 Dec, 2022

احمد علی
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے تحفے بیچ کر دوست ممالک کی محبت کا جنازہ نکالا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، بنوں میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور کمانڈو افسران اور جوانوں نے آپریشن کیا، آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اس واقعہ میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایک فوجی افسر نے چھٹی پر ہونے کے باوجود رضاکارانہ طور پر آپریشن میں حصہ لیا، ان کی جرات، بہادری اور عزم قابل تحسین ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، اس معاملہ پر اجلاس طلب کیا گیا ہے، ان واقعات کی روک تھام اور دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ادارے مل کر بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردی کے فتنے کو کچل دیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں چند ماہ پہلے جب وہ آئے تھے تو ہر طرف پانی ہی پانی تھا، سیلاب سے بہت تباہی ہوئی لیکن آج یہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس پارٹی کی حکومت ہے جو دوسروں پر تنقید کرتی ہے لیکن اپنی بری گورننس اور حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے یہاں تباہی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت اور صوبے سیلاب متاثرین کی گھروں میں دوبارہ آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سابق حکومت نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کو التواء میں ڈالے رکھا، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا جس سے ترقی اور خوشحالی رک گئی، دوست ممالک بھی ناراض کر دیئے گئے تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ عمران نیازی نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال لئے اور ملک کو بدنام کیا، مخالفین پر دن رات الزام تراشی اور دشنام طرازی کی جاتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جب انہوں نے حلف اٹھایا تو انہیں بھی احساس نہیں تھا کہ معیشت سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اتنی تباہ حال ہو چکی ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہو چکا تھا لیکن مخلوط حکومت اور اداروں کی کاوشوں اور عوام کی دعاؤں اور پاکستان کی ہمدردوں کی محنت اور تعاون سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے اس کو ووٹ دینا ہے جس نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی تک بیچ دی اور دن رات دشنام طرازی کرتا ہے یا اس کو ووٹ دیں جو دن رات ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ہم ملک کو غربت اور بیروزگاری سے نکالیں گے، جنہوں نے اس صوبے کا انتظام حکومت دس سال چلایا انہیں عوام کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
مزیدخبریں