حکومت کی مدت ختم ہو گی اور وقت پر الیکشن ہوں گے، خواجہ آصف

03:50 PM, 26 Dec, 2022

احمد علی
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلیک میل ہو کر ہر گز الیکشن نہیں کرانے، حکومت کی مدت ختم ہو گی اور وقت پر الیکشن ہوں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے بعد انتخابات کرانے چاہیے تھے مگر بلیک میل ہو کر ہر گز الیکشن نہیں کرانے، حکومت کی مدت ختم ہو گی اور وقت پر الیکشن ہوں گے۔انہوں‌ نے کہا صدر نے بیان دیا کہ جنرل باجوہ نے پی ٹی آئی کی مدد کی، اگر نواز شریف ہاں کر دیتا تو نااہل نہ ہوتا، نواز شریف نے کمپرو مائز نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے عمران خان کے ووٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ووٹرز جلسوں میں ناچتے اورعجیب، عجیب بیانات دیتے ہیں، جو مرضی کر لیں عمران کے ووٹرز پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی 50 کروڑ روپیہ ماہانہ تنخواہیں لے رہے ہیں، ان کا لیڈر بھی ایسا اور اراکین اسمبلی بھی ویسے ہیں، ان کے استعفے منظور کر کے انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کوئی کام اپنی جیب سے نہیں کرتا، لوگوں کی جیب سے کرتا ہے۔ زکوٰۃ کے پیسوں کو سیاست میں استعمال کیا گیا۔ جس نے اس کو کھلایا اس نے اسی کا ہاتھ کاٹا، یہ شخص ملک سمیت کسی کے ساتھ وفادارنہیں، اس کی وفاداری اقتدار اور دولت کے ساتھ ہے، اس کا چہرہ آہستہ آہستہ سامنے آ رہا ہے۔
مزیدخبریں