پاکستان پر واجب الادا ملکی اور غیر ملکی قرضوں میں اضافہ
09:54 AM, 26 Feb, 2022
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پاکستان پر واجب الادا ملکی اور غیر ملکی قرضوں میں اضافہ ہوگیا۔ پاکستان پر قرض 39 ہزار 861 ارب روپے سے بڑھ کر 41 ہزار 466 ارب روپے ہو چکا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ملک پر واجب الادا قرضوں کی رقم میں 1605 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ جون 2021 میں پاکستان پر قرض 26 ہزار 265 ارب روپے تھا۔ جبکہ ستمبر 2021 میں 26 ہزار 444 ارب روپے تک ہو چکا تھا۔ پاکستان پر غیر ملکی قرضہ 13 ہزار 595 ارب روپے سے بڑھ کر 15 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ جون 2021 سے ستمبر 2021 کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر میں اضافے سے پاکستان کو 665 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ غیر ملکی قرضوں پر فراہم کی گئی ریاستی گارنٹی 2472 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ ملکی قرضوں پر ریاستی گارنٹی 1564 ارب روپے ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی قرضوں پر حکومتی گارنٹی 908 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کو دوست ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے 3 اعشاریہ 7 ارب ڈالر کا ڈیٹ ریلیف ملا۔ اس وقت پنجاب کے ذمہ ملکی قرضوں کا حجم 6 ارب ڈالر، سندھ کے ذمہ 2 اعشاریہ 677 ارب ڈالر، خیبرپختونخوا کے ذمہ 1 اعشاریہ 757 ارب ڈالر اور بلوچستان کے ذمہ 29 کروڑ 91 لاکھ ڈالر ہے وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے ذمہ ملکی قرضوں کا حجم 22 کروڑ ڈالر جبکہ گلگت بلتستان کے ذمہ 4 کروڑ ڈالر ہے۔