ویب ڈیسک:مسلم لیگ ن کی امیدوار مریم نواز 220 ووٹ لے کر پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت جاری ہے، انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بغیر ہی سیکرٹری کو کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
پنجاب اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بغیر ہی وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے کارروائی کی گئی۔
رائے شماری میں مریم نواز شریف نے 220 ووٹ حاصل کئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب احمد کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔
قبل ازیں آدھا گھنٹہ تاخیر سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے ووٹنگ کا طریقہ کار بتایا گیا اور کہا گیا کہ 5 منٹ کے وقفے کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان کو منانے کی ہدایت کردی،اسپیکر نے چند ارکان کو اتحاد کونسل کے ایم پی ایز کا واک آئوٹ ختم کرانے کے لیے بھیج دیا۔اسپیکر نے کہا کہ اپوزیشن ارکان واپس نہ آئے تو آئین کی خلاف ورزی ہو گی۔ مریم نواز کو ووٹ دینے کے لیے ارکان دائیں لابی کی طرف ووٹ ڈالیں گے،رانا آفتاب کو ووٹ دینے والے ارکان بائیں جانب لابی میں ووٹ ڈالیں گے،پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔
اپوزیشن کا ایوان سے واک آؤٹ
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شور شرابہ کے درمیان سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے رانا آفتاب کو بات کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اراکین اپنی نشستوں پر بیٹھیں۔
دوران اجلاس سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کا شور شرابہ،سنی اتحا دکونسل کے ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آئین سے ہٹ کر کارروائی نہیں ہو سکتی۔
دو ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا
اجلاس کے آغاز پر سپیکر نے 2 ارکان اسمبلی سے حلف لیا، اجلاس میں خضر حسین مزاری، طاہر قیصرانی نے حلف اٹھایا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، اپنے حلف کی پاسداری کروں گا۔
پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 327 ارکان اسمبلی نے حلف لیا تھا، آج دو مزید نومنتخب اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تعداد 329 ہو گئی ہے۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد امیدوار مریم نواز پنجاب اسمبلی پہنچ گئیں تھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے رانا آفتاب کو نامزد کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی آمد سے قبل مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جاتی امراء میں والدہ کی قبر پر حاضری دی، مریم نواز نے والدہ کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے قرآن خوانی کی اور پھول رکھے۔ مریم نواز کچھ دیر اپنی والدہ کی قبر پر موجود ہیں اور تلاوت کی ۔