(ویب ڈیسک ) سوڈان کے دار الحکومت میں ایک فوجی طیارہ رہائشی عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے ذرائع کے مطابق یہ حادثہ منگل کے روز 'ام درمان' کے علاقے میں پیش آیا۔ حادثے میں سینئر فوجی افسران اور متعدد شہری ہلاک ہو گئے۔
سوڈانی وزارت صحت کے مطابق "النو" ہسپتال کے مردہ خانے میں 19 میتیں لائی گئیں۔ عمارت کے ملبے کے نیچے مزید تلاش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مرنے والے اہم ترین فوجی افسروں میں خرطوم ملٹری زون کے سابق کمانڈر میجر جنرل بحر احمد شامل ہیں۔
سوڈانی فوج کا یہ ٹرانسپورٹ طیارہ "فنی غلطی" کے سبب گرا۔
ام درمان کے رہنے والوں نے بتایا کہ طیارہ گرنے پر زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ حادثے کے سبب اطراف کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق ام درمان میں گرنے سے قبل طیارے کے پچھلے حصے میں آگ لگ گئی۔
یہ واقعہ سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورس کے اس اعلان کے ایک روز بعد پیش آیا جس میں کہا گیا تھا کہ جنوبی دارفور کے شہر نیالا میں سوڈانی فوج کا ایک طیارہ مار گرایا گیا۔ پیر کے روز جاری بیان میں بتایا گیا کہ طیارہ گرنے کے بعد وہ آگ لگنے کے نتیجے میں اپنے سواروں سمیت تباہ ہو گیا۔