'عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو شدید عوامی ردعمل آئے گا'
12:59 PM, 26 Jan, 2023
لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو شدید عوامی ردعمل آئے گا، عمران خان کی گرفتاری پر مزید حالات خراب ہوں گے۔ صدر مملکت عارف علوی نے لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان یا کسی بڑے رہنما کی گرفتاری سے مزاحمت ہوگی،انہوں نے کہا کہ عمران کو خدشہ ہے کہ الیکشن آگے کر دیے جائیں گے۔ عارف علوی نے کہا کہ سیاست دان مذاکرات کیلئے نہ بیٹھنا چاہیں تو کتنی بار کہوں؟ عمران خان مذاکرات سے انکاری نہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی، ڈیرھ ماہ سے حکومت کی جانب سے خاموشی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں یہاں تک کہہ چکا ہوں فوری الیکشن میں سے ’فوری‘ نکال کر بات کرلیں۔ صوبائی الیکشن کی تاریخ پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ گورنر پنجاب سے صوبائی الیکشن کی تاریخ پر بات ہوئی، گورنر نے کہا ہے کہ اسمبلی توڑنے پر دستخط کرتے تو انہیں تاریخ دینی تھی، وہ کوئی غیر آئینی کام نہیں کریں گے۔ فواد چوہدری کی گرفتاری کسے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فواد چوہدری کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ درست نہیں تھا، ہتھکڑیاں لگا کر اور منہ پر کپڑا ڈالنے پر شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنی عزت بحال کرانے کیلئے پولیس کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ مجھ پر اعتراض ہوگا تو پولیس بلانے کے بجائے اپنی کارکردگی ٹھیک کروں گا، الیکشن کمیشن پر اعتراض ہوگا تو کیا پولیس بلائی جانی چاہیے؟۔ اعتماد کے ووٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا نہیں لگ رہا کہ حکومت اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے۔