ملک بھر میں شدیددھند ،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا

09:35 AM, 26 Jan, 2024

ویب ڈیسک:  ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں دھند کا راج برقرار ہے اور کھاریاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہوئی جبکہ بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے فاروق آباد، ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند ہے، شدید دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

 دوسری جانب رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

کھاریاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، وادی نیلم میں برفباری سے ہر منظر حسین ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خشک سردی کا طویل دورانیہ ختم ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں