ویب ڈیسک: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا انسٹاگرام پر18 سال سے کم عمر افراد کو ایسے افراد کی جانب سے (جن کو وہ فالو نہیں کرتے) پیغام موصول ہونے کی سہولت ختم کرنے جارہی ہے۔ میٹا کی جانب سے یہ اقدام کم عمر صارفین کے تحفظ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی کمپنی کے مختلف پلیٹ فارمز پر عمر کے متعلق مناسب تجرے کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔یہ تبدیلی میٹا کی موجودہ پالیسی کو مزید آگے لے کر جائے گی جس کے تحت بڑی عمر کے افراد کم عمر صارفین (جن کو یہ کم عمر صارفین فالو نہیں کرتے) پیغام نہیں بھیج سکتے۔جس کا مطلب ہے کہ انسٹاگرام یا فیس بک میسنجر پر کوئی بھی کم عمر افراد کو براہ راست میسج نہیں بھیج سکے گا۔
میٹا کا اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں کہنا تھا کہ اس نئی طے شدہ سیٹنگ کے تحت کم عمر لوگوں کو صرف وہ لوگ گروپ چیٹس میں شامل کر سکیں گے جو ان کو پہلے سے فالو کرتے ہوں گے، تاکہ بچوں اور ان کے والدین مزید پُر اعتماد محسوس کر سکیں۔
کمپنی کے مطابق اس طے شدہ سیٹنگ کا اطلاق 16 سال سے کم عمر تمام صارفین پر ہوگا۔ جو صارفین انسٹاگرام پر موجود ہیں ان کو اپنی فیڈ پر ایک نوٹیفیکیشن دِکھے گا جو ان کو رُونما ہونے والی تبدیلیوں کے متعلق بتائے گا۔