کشمیر کے بعد عمران خان کا اگلا سیاسی ہدف سندھ
01:28 PM, 26 Jul, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ سے متعلق پارٹی قیادت کا اجلاس، وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی قائدین شریک۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، گورنر سندھ، ارباب غلام رحیم اور حلیم عادل شیخ شریک ہوئے۔ اس دوران سندھ کی سیاسی صورتحال اور وزیراعظم کے سندھ کے دوروں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی قائدین نے سندھ کی سیاسی صورتحال بارے مختلف تجاویز پیش کیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ سے متعلق اہم فیصلے کر لیے گئے۔ طے پایا کہ آزاد کشمیر کے بعد صوبہ سندھ کی باری ہے۔ اگلا سیاسی ہدف سندھ ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان اگست سے سندھ کے دوروں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ سندھ میں اہم سیاسی شخصیات کو تحریک انصاف میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم، سندھ کے دانشوروں، وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی سے بھی روابط کریں گے۔ وزیر اعظم نے سندھ سے متعلق آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دوروں کا شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کو سیاسی شخصیات کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ سندھ میں وفاقی حکومت کے سیاسی و انتظامی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔