رمیش مینڈس کی تباہ کن بائولنگ، پاکستانی ٹیم 231 پر آئوٹ

06:21 AM, 26 Jul, 2022

احمد علی
گال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے باز چل نہ سکے۔ رمیش مینڈس کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے قومی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری ٹیم 378 رنز کے جواب میں صرف 231 تک سکور بنا سکی۔ مینڈس نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیل کے مطابق سری لنکا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم صرف 231 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ہے۔ پاکستان نے آج 191 رنز پر 7 وکٹوں کے نقصان سے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا لیکن باقی ماندہ کھلاڑی بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ یوں پوری ٹیم 231 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ سری لنکا کو پاکستان پر 159 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پیر کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیل کے دوسرے روز سری لنکا نے 315 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ڈکویلا 42 اور ویلالاگے 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم ویلالاگے 11 رنز بنانے کے بعد فاسٹ بائولر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ ڈکویلا نے شاندار نصف سنچری سکور کی۔ وہ51 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ رمیش مینڈس 35 اور جے سوریا 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح سری لنکن ٹیم پہلی اننگزمیں 378 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز 2 اور نعمان علی ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز کا مایوس کن آغاز کیا۔ گذشتہ ٹیسٹ میچ کے ہیرو عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ امام الحق 32 جبکہ کپتان بابراعظم صرف 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان اور فواد عالم 24,24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اپنے کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 62 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کے سپنر رمیش مینڈس نے 5 ، جے سوریا نے 3 جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
مزیدخبریں