پری اپوائنٹمنٹ سسٹم: صارفین کو کمپیوٹرائز اراضی ریکارڈ کی خدمات کے حصول میں آسانی
12:25 PM, 26 Jul, 2022
لاہور: ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 232 اراضی ریکارڈ سنٹر و دیگر سروس ڈیلوری نیٹ ورک کے ذریعے ماہانہ کم و بیش دو لاکھ سے زائد صارفین کو فرد اور انتقالات کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق خدمات کے بڑھتے ہوئے حجم کے ساتھ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اراضی ریکارڈ سنٹر پر بکنگ سسٹم رائج کیا گیا، اس سہولت سے مستفید ہوتے ہوئے رواں ماہ جولائی میں 144,897 اپوائنٹمنٹ بک کی گئیں۔ صارفین کی جانب سے شناختی کارڈ اور دیگر معلومات کی فراہمی پر بذریعہ ہیلپ لائن 85,030 ویب سائٹ36,007 جبکہ 23,860 اپوائنٹمنٹس اراضی ریکارڈ سنٹر سے فکس کی گئیں۔ اپوائنٹمنٹ کے ذریعہ خدمات حاصل کرنے والے صارفین کی تعداد کل ایک لاکھ ساتھ ہزار فراہم کردہ خدمات کا 90% سے زائد ہے، جوکہ پری اپوائنٹمنٹ پر عوام کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پلرا کا کہنا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق منظم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جس سے مالکان اراضی کی خدمات کے حصول کو صاف شفاف اور مزید سہل بنایا جائے گا۔