پی ٹی آئی اورجماعت اسلامی کااسلام آباد میں دھرنا،ریڈزون سیل،متعدد رہنماگرفتار

09:45 AM, 26 Jul, 2024

ویب ڈیسک:پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی احتجاج کی کال کا معاملہ،راولپنڈی پولیس نے امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں،جی روڈ پر بھی پولیس اور مخصوص مقامات پر سیلنگ کے لیے کنٹینرز لگا دیئے گئے۔حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کےاحتجاج کا معاملہ،پولیس کی جانب سے فیض آباد میں کنٹینرز لگا دیئے گئے،جڑواں شہروں کے داخلی راستوں پر بھی کنٹینرز لگائے گئے،کنٹینر لگانے سے ٹریفک متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا  ہے۔مری روڈ فیض الاسلام سے جانے والی سڑک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

 کنٹینرز کو شاہراؤں کی اطراف پر پارک رکھا گیا ضرورت پڑھنے پر سیلنگ کے لیے استعمال کیا جاسکے گا،ضرورت پڑنے پر جی ٹی  روڈ کو بھائی خان پل اور مندرہ ٹول پلازہ کے قریب رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کیا جائےگا،روات ٹی چوک  میں بھی اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیلنگ پوائنٹ متوقع  ہےتاہم ابھی راستے کھلے ہیں اور ٹریفک رواں دواں ہے۔

اسلام آباد پولیس نے لاہور پشاور سے آنے والے راستے موٹر وے کے لنک روڈ پر بھی کنٹینرز لگا دیئے،اسلام آباد داخلے کے لیے صرف ایک گاڑی کے گزرنے کا راستہ دیا جارھا ہے،پنجاب بھر تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔

رات سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کی سربراہی میں پولیس افسران کا اجلاس بھی منعقد ہوا،اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیاگیا۔

مریدکے

جماعت اسلامی کا کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپوں کا الزام ہے، جماعت اسلامی مقامی قیادت طیب مہر  احمد رضا کمبوہ  کے گھروں پر چھاپے مارے گئے،دانش ندیم اعوان اور میاں صداقت کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔
سیالکوٹ

ضلع بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاؤن جاری ہے،ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی اویس گھمن اپنی رہائش گاہ روہیلہ سے گرفتار ہوگئے،صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 52 کے ٹکٹ ہولڈر عمران شیرازی بھی گرفتار ہوگئے۔

کھاریاں

پولیس کی  جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کارکنان کو پکڑنے کیلئےان کے گھروں میں ریڈ کی،شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جماعت اسلامی سابق امیدوار ایم پی اے ڈاکٹر حیدر اور کارکنان منظرعام سے غائب ہوگئے،دوسری جانب پولیس کی طرف سے  گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جارہے ہے،تاہم ابھی تک کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

جہلم

جہلم پولیس نے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاون کیا،کریک ڈاون کے دوران محموعی طور 20سے زائد افرادگرفتارکیے گئے،گرفتاریاں ممکنہ دھرنے میں شمولیت کے پیش نظر کی گئیں ہیں۔ضلع کے مختلف مقامات پر پولیس اور دیگر اداروں کی ناکہ بندی ہے اور مزید گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اٹک 

اٹک  سے جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کے لیے قافلے روانہ ہوگئے،سیںکڑوں کارکنان اسلام آباد روانہ ہوئے،کارکنان کے جذبے بلند، نعرہ بازی کرتے رہے،جینا ہوگامرنا ہوگا، دھرنا ہوگا دھرنا ہوگا کے نعرے، جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنان اسلام آباد دھرنے میں پہنچ گئے۔

مقررین نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کو عبور کر کے کارکنان اسلام آباد پہنچیں۔ہم عوام کی خاطر نکلے ہیں،حکومت کو ہوش کے ناخن لینا ہونگے۔

قصور

قصور سے حاجی مقصود صابر انصاری ٹکٹ ھولڈر NA131 کا اپنے قائد عمران خان کی کال پے کچہری چوک میں پرامن احتجاج کیا۔احتجاج میں صدر قصور پاکستان تحریک انصاف مہر سلیم سمیت متعدد کارکن موجود تھے،ریلی شہباز خاں روڈ گول چکر سے کچہری چوک تک نکالی گئی.کون بچائے گا پاکستان عمران خان عمران خان کے نعرے بلند تھے۔
صدر پی ٹی آئی قصور کا کہنا تھاکہ جیلوں اور ہتھکریوں سے نہیں ڈرتے پر امن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے.پولیس ہمیں جتنے بھی اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرا لیں ہم ڈرنے والے نہیں.

 تحریک انصاف کے آج احتجاج کے اعلان پر قصور پولیس متحرک  ہوگئی،پولیس کے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے چھاپے،ضلعی صدر محمد سیلم مہر، قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر حاجی مقصود صابر انصاری و بیرسٹر شاہد مسعود کے گھروں پر بھی پولیس نے چھاپے مارے جبکہ تحریک انصاف کی قیادت گھروں سے روپوش ، پولیس کسی رہنما کو گرفتار نہ کر سکی۔

ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے حکم پر قصور میں انصاف سیکریٹریٹ سے بعد از نماز جمعہ ریلی نکالی گئی۔

پاکپتن

پاکپتن میں  پی ٹی آئی کے رہنماوں اور کارکنان کے گھروں میں پولیس چھاپےمارے گئے،پی ٹی آئی کے درجنوں  کارکنان گرفتار متعدد رہنما  دیواریں پھلانگ کر فرار ہوگئے،پی ٹی آئی نامور رہنما روپوش ہونے میں کامیاب  ہوگئے۔پی ٹی آئی گرفتار درجنوں کارکنان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

 اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

26 جولائی کو اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے جلسے کا معاملہ،ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے،اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے،دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی،قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ  کا کہنا ہے کہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے،شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذالعمل ہے،بغیر اجازت اسلام آباد میں کسی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔محرم الحرام کے پیش نظر مجالس اور جلوسوں پر پولیس تعینات ہے۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

شہر لاہور سےقافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری

دھرنا ڈی چوک اسلام آباد،شہر لاہور سے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے،نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور احمد سلمان بلوچ کی قیادت میں پی پی 169 کا جلوس روانہ  ہوگیا،بجلی کی قیمتوں میں کمی کا عزم لے کر پرجوش کارکنان رواں دواں ہے۔

احمد سلمان بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت بک لائٹ کا شکار ہے، جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،حکومت بجلی کے بلوں سے ستائی عوام کے گھروں پر چھاپے مارنے کی بجائے آئی پی پی ایز جو اب نچوڑ گئے انکو پکڑیں،عوام کا مطالبہ تھا  یونٹ بجلی کا 10 روپے ہونا چاہیئے اب عوامی سمندر اپنے دکھ لے کر ڈی چوک اسلام آباد یکجا ہو گا،اب یہ عوام کا سمندر ہی طے کرے گا بجلی کا یونٹ کتنے کا ہونا چاہئیے۔

عامر بلوچ ترجمان جماعت اسلامی اسلام آباد

عامر بلوچ ترجمان جماعت اسلامی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جڑواں شہروں ، اور داخلی راستوں کی بندش فسطائیت ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کو مشکلات سے دوچار نہ کیا جائے اور راستے کھولے جائیں،ہماری جنگ حکمران طبقے سے ہے اسلام آباد میں عوامی راستوں اور شاہراہوں کو بند نہیں کرنا چاہتے،شہر میں معمولات زندگی متاثر نہ کیا جائے عوام کے لیے راستے کھولے جائیں،مہنگائی اور بے روزگاری نے پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر کر رکھا حکومت عوام کو مزید تکلیف میں مبتلا نہ کرے ۔

عامر بلوچ ترجمان جماعت اسلامی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے اگر ڈی چوک پہنچنا ہے تو کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکیں گے،حکومت ہماری تاریخ سے واقف ہے دھرنوں کی بانی جماعت ہیں، دھرنا ہر صورت ڈی چوک میں ہی ہو گا۔

اسلام آبادریڈزون سیل

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے پیش نظر ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے۔

ریڈ زون کو سیل کرنے کیلئے اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکس پریس چوک پر کنٹینرز لگا دیئے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما گرفتار

پاکستان تحریکِ انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعے کے روز ملک گیر احتجاج سے قبل پارٹی رہنماؤں کو گرفتارکیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے عمران خان اور دیگر قیدیوں کی رہائی اور پارٹی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ پنجاب پولیس نے راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کے گھر پر چھاپہ مارا جبکہ رحیم یار خان میں ایم این اے جاوید اقبال سمیت درجن بھر سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پارٹی کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما مہر نعیم اللہ کے گھر اور کیمپ پر چھاپہ مار کر ان کے پانچ دوستوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم نعیم اللہ وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما گرفتار

دریں اثناء دھرنے کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپے مار کر متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس امیر العظیم کو گرفتار تو نہیں کر سکی تاہم ان کے ڈرائیور شوکت محمود کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئی۔

جماعت اسلامی کو دھرنے سے روکنے کیلئے پولیس نے امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور دیگر ذمہ داران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے سینئر رہنما امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پولیس گردی جاری ہے۔

اسلام آباد 
اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کردیا,اسلام آباد پولیس کی قیدی وین موقع پر موجود  ہے،گرفتار کارکنان کو قیدی وین میں منتقل کر دیا گیا۔ایکسپریس چوک سے جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کر دیا،دھرنے کے لیے پہنچنے والے قافلے سے 5 کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا ،کارکنوں کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہیں،حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پرامن مظاہرین کو اشتعال دلا رہی ہے،حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسلام آباد کا امن خراب کرنا چاہتی ہے،کارکنان کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔

چونیاں/ پی ٹی آئی احتجاج

چونیاں:الہ آباد میں پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا،درجنوں بھر کارکنوں نےپلے کارڈ اٹھا کر شہر کا چکر لگایا،کارکن " کون بچائے گا پاکستان۔۔۔عمران خان۔عمران خان " کے نعرے لگاتے رہے ۔کارکنوں کی قیادت سردار داود اسلم ڈوگر جنرل سیکرٹری ضلع قصور نے کی۔ 

چوک الہ آباد میں ڈی ایس پی چونیاں رانا محمد ذاہد کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،پی ٹی آئی ورکر پولیس گاڑیوں کو دیکھتے ہی بازاروں میں روپوش ہو گئے،سردار داؤد اسلم ڈوگر بھی پولیس کو دیکھتے ہی گاڑی میں بیٹھ کر رفوچکر ہو گئے۔

لاہور پولیس کی سیالکوٹ موٹروے اور رنگ روڈ پر کارروائی 

لاہور پولیس کی سیالکوٹ موٹروے اور رنگ روڈ پر کارروائی 150 سے زائد کارکنوں گرفتار کر لئے،گرفتار ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہے۔تحریک انصاف کے کارکن جماعت اسلامی کے کارکن بن کر اسلام آباد جانے کی کوشش کر رہے تھے ،پولیس نے گزشتہ رات بھی مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا،گرفتار ہونے والے کارکنوں کو مختلف تھانوں میں بند کروایا جارہا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے اسلام آباد جانے والے راستوں پر سخت ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کاٹریفک ڈائیورشن پلان جاری

اسلام آباد کی ٹریفک پولیس نے  ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا گیا،روات ٹی کرواس بند ہونے کی صورت میں متبادل راستہ صدر روڈ راولپنڈی ہو گا،پشاور جی ٹی روڈ بند ہونے کی صورت میں متبادل راستہ موٹروے ہو گا،سری نگر ہائی وے بند ہونے کی صورت میں کرنل شیر خان روڈ متبادل ہو گا،فیض آباد بند ہونے کی صورت میں اسلام آباد آنے کیلئے کھنہ پل، لہتراڑ روڈ استعمال کیا جائے گا۔

فیض آباد مری روڈ بند ہونے کی صورت میں متبادل راستہ نائنتھ ایویو ہو گا،زیرو پوائنٹ بند ہونے کی صورت میں متبادل راستے فیصل ایونیو اور جناح ایونیو ہوں گے،سیرینہ چوک بند ہونے کی صورت میں سیونتھ ایونیو کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں،ایمبیسی روڈ بند ہونے کی صورت میں شہید ملت روڈ متبادل راستہ ہو گا۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مہنگی بجلی معاہدوں، اووربلنگ کے خلاف اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں شرکت کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ شہر اقتدار میں دھرنا پر امن ہوگا، شرکاء ریلیف لئے بغیر واپس نہیں آئیں گے، حکومت دھرنے میں رکاوٹ نہ ڈالے، حالات خراب ہوئے تو حکومت ذمہ دار ہوگی، لوگ اپنے گھر کی چیزیں بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں، عوام آئی پی پیز سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں