ویب ڈیسک: پراچہ ٹیکسٹائل اور کولا نیکسٹ کے مالک کے مبینہ اغواء کی گتھی سلجھ نہ سکی۔ جس پر اہلخانہ نے عدالتی دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پراچہ ٹیکسٹائل اور کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ ،محکمہ داخلہ سندھ ،آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔
درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ 23 جولائی کو ذوالفقار احمد کلفٹن آفس سے اپنے دوست قیصر کے ساتھ میٹنگ کے بعد نکلے تھے۔ آگرہ تاج ماڑی پور سے 8 افراد نے ڈبل کیبن گاڑی میں روکا اور ذوالفقار احمد اور قیصر کو اپنے ساتھ لے گئے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ اغواء کاروں نے کچھ دور جاکر قیصر کو چھوڑ دیا۔ قیصر نے ذوالفقار احمد کے گھر والوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ذوالفقار احمد کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
درخواست ذوالفقار احمد کی اہلیہ انبیر ذوالفقار کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ عدالت نے فریقین سے 30 جولائی تک جواب طلب کرلیا ہے۔