والدین سے محروم بچی کیلئے ’ب فارم‘جاری
05:22 PM, 26 Jun, 2021
کراچی (ویب ڈیسک) والدین سے محروم بچی ماہم کو آخر جیت مل گئی۔ سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر نادرا نے ' ب فارم' کا اجرا کر دیا ہے۔مقامی ٹی وی کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) کی جانب سے یتیم بچی کو ب فارم جاری کر دیا گیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے وکیل عثمان فاروق کا کہنا ہے کہ نادرا کا کسی بھی عام آدمی کے لیے بے حد مشکل اور پیچیدہ ہے۔ ماہم نے عدالت کے حکم پر تمام شرائط کو پورا کیا جس پر ان کو جیت ملی۔یاد رہے کہ پچھلے سال دسمبرمیں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے نادرا کو حکم دیا گیا تھا کہ یتیم بچی کا ب فارم جاری کیا جائے۔ نادرا بنیادی طور پہ والدین نہ ہونے کی وجہ سے ب فارم جاری نہیں کر رہا تھا۔ جس کے بعد ماہم نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔یتیم بچی ماہم کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ والدین وفات پا چکے ہیں اور مجھے اپنی تعلیم جاری رکھنی ہے۔ اس مقصد کے لیے ب فارم کی ضرورت ہے اور نادرا اس کا اجرا نہیں کر رہا۔ ب فارم نہ ہونے کی وجہ سے میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ روک دیا تھا۔