سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلےمیںپولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری
05:47 AM, 26 Jun, 2022
کراچی :سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلےمیں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی. سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 21 ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں جب کہ الیکشن کے لیے 9 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیےگئے ہیں ۔ سکھر ڈویژن کے 3 اضلاع خیر پور، سکھر اور گھوٹکی، شہید بے نظیر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع شہید بے نظیر آباد، سانگھڑ، نوشہرو فیروز اور میرپور خاص ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں بھی پولنگ ہوئی۔اس کے علاوہ لاڑکانہ ڈویژن کے 5 اضلاع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ اور شہداد کوٹ ک میںبھی پولنگ ہوئئی اور عوام نے آج اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کیا۔ الیکشن کمیشن کے دفاتر میں مانیٹرنگ سیل قائم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مرکزی اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر کراچی میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا چکا ہے۔ خیال رہے کہ مختلف ڈویژن میں سے ایک ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوش گوار صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور فوج کے اہل کار تمام حلقوں میں گشت کر رہے ہیں۔