شہباز شریف کا ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

06:14 AM, 26 Mar, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) شہباز شریف نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

شہباز شریف نے لاہور ہائی کورٹ میں کی جانے والی اپنی درخواست میں نیب کو فریق بنایا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے وکیل امجد پرویز کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر ہو چکا ہے ٹرائل جاری ہے۔ کئی ماہ سے جیل میں قید ہوں۔ تمام ریکارڈ نیب کے پاس ہے نیب نے کوئی ریکوری نہیں کرنی، ٹرائل باقاعدگی سے جوائن کرتا رہوں گا، عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔

اس سے قبل احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی، منی لانڈرنگ کے شریک ملزم حمزہ شہباز خود عدالت میں پیش ہوئے۔

اس دوران پراسکیوشن کے گواہ غلام مجتبی پر جرح مکمل کی۔ ملزم نثار احمد، قاسم قیوم ،راشد کرامت، مسرور انور، محمد عثمان کو بھی ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں نامزد ملزموں میں فضل داد عباسی، محمد شعیب قمر بھی شامل ہیں۔

شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹی رابعہ عمران، سلمان شہباز، ہارون یوسف اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔ ملزم طاہر نقوی اور علی احمد خان کو بھی اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔ عدالت نے ریفرنس میں نامزد شہباز شریف کی بیٹی جویریہ علی کو حاضری سے استثنی دے رکھا ہے۔

مزیدخبریں