شوگر ملز کیس: شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری

06:31 AM, 26 Mar, 2022

احمد علی
لاہور: عدالت نے آئندہ سماعت پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف حاضری کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی ، سپیشل جج سینٹرل نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، قانون کے مطابق عبوری ضمانت کے لیے پیش ہونا ضروری ہے، اگر ملزم پیش نہ ہو تو اس کی عبوری ضمانت خارج کر دی جاتی ہے۔ فیصلے کے مطابق اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے جس میں شرکت کے لیے شہباز شریف اسلام آباد میں ہیں، شہباز شریف بطور اپوزیشن لیڈر اسمبلی سیشن میں شرکت کر رہے ہیں ، ایسے حالات میں عدالت ملزم کو سہولت دے سکتی ہے تاکہ وہ بطور ممبر اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں ۔ عدالت کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر شہباز شریف حاضری کو یقینی بنائیں ۔ملزم عثمان کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار پر بحث کے لیے مہلت مانگی ہے ،آئندہ سماعت پر وکلا بحث کے لیے پیش ہوں ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔
مزیدخبریں