مریم نواز ،حمزہ کیسا تھ نکلو، ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو

08:03 AM, 26 Mar, 2022

احمد علی
لاہور: قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ قائد محمد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں، مریم نوازاور حمزہ شہبازکے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عوام سے مہنگائی مکاﺅ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کردی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی مکاﺅ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا، عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھاگیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں کہ ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی ،مہنگائی سچ ہے، کرپشن ایک سچ ہے، نالائقی ایک سچ ہے، اس سچ کے لئے عوام گھروں سے نکلیں ، ساڑھے تین سال سے قوم سے جھوٹ پہ جھوٹ بولنے والا، اب نئے جھوٹ بول رہا ہے، عوام اسے مسترد کریں ، کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کے لئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کے خلاف عوام گھروں سے نکلیں ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں کہ وہ مہنگائی اور اسے لانے والی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں ،مہنگائی مکاﺅ مارچ ملک سے نالائقی، نااہلی، کرپشن ، مہنگائی جیسے مسائل کے خاتمے کی تحریک کا آغاز ہے ، ملک آج جن سنگین مسائل، خطرات اور خدشات میں گھرا ہوا ہے ، ان سے نجات میں عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ کی اس فیصلہ کن گھڑی عوام کا فرض ہے کہ وہ جھوٹ، کرپشن اورمہنگائی کے ظلم پر حکومت کے خلاف نکلے، یاد رکھیں کہ کرپشن سے آپ اور آپ کے بچے غریب ہورہے ہیں، مہنگائی سے آپ کی زندگی اس حکومت نے حرام کی ہے، پورے ملک اور عوام کی بربادی اس حکومت نے کی ہے، بھرپور شرکت کرکے ظالم حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق کہیں، ان شاءاللہ، ہم سب مل کر اس ظالم، آٹا چینی بجلی گیس دوائی کھاد چور حکومت سے پاکستان کو نجات دلائیں گے۔
مزیدخبریں