دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی، سعد رفیق
02:14 PM, 26 Mar, 2023
لاہور: وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان شخصی اقتدار کے لئے پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کیلئے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پروپیگنڈا پھیلایا گیا۔ عمران حکومت نے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا، اسٹیبلشمنٹ کا سابقہ منظورِ نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کے مہرے کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے، اقتدار کے لئے عمران کسی سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں، 2018 میں آئین ،جمہوریت اور عوامی امنگوں کو کچل کر عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سالہ حکمرانی نے پاکستان کی معاشی بنیادیں ہلا دیں ، ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی، چیخنا ،چلانا، قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا۔ ظلم ،جھوٹ،سازش اور لوٹ مار کا حساب دیے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، عمران خان کا راستہ روکا جائے گا۔