تربت: پاک بحریہ کے ائیربیس پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

10:58 AM, 26 Mar, 2024

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش بنائی جس میں فورسز نے اثاثوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ ائیربیس پی این ایس صدیق تربت پرحملہ 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا، بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد موجود سکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیا گیا، مسلح افواج کے ہم آہنگ مؤثر جواب نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا، مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید شہید ہوئے، 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔مسلح افواج ملک سے دہشتگردی کی لعنت ہرقیمت پرختم کرنے کے لیےپرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تربت میں نیول بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا۔

آصف علی زردار ی نے کہا ہے کہ حملے کو ناکام بنانے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کاروائی قابل تعریف ہے۔صدر مملکت نے کلیئرنس آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے جوانوں کی بہادری کو بھی سراہا۔

وزیرِ اعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تربت نیول ایئر بیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت مؤثر کارروائی سے دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے، ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کیلئے پر عزم ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی 

اسپیکر اور  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے نیول ایئر بیس پی این ایس صدیق تربت پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے اور نیول ائیر بیس پی این ایس صدیق تربت پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے شہید سپاہی نعمان فرید کا دہشتگردوں کا بہاردی مقابلہ کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بروقت کارروائی کر کے ایئر بیس کو بڑے نقصان سے محفوظ بنایا۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں،اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کی اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف 

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تربت میں نیول بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد وں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ خاتمے کا عزم غیر متزلزل ہے۔

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے  تربت نیول ائیر بیس پر دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کو ناکامی ہوئی ،سیکورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ،دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں،پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے تربت نیول بیس  پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ایک  سانحہ سے بچایا،سکیورٹی فورسز نے  بہادری سے دہشتگردوں کے  مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور  دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید سپاہی نعمان فرید  کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرکے دم لیں گے۔

مزیدخبریں