پبلک نیوز: پنجاب میں کم آمدن والے افراد کے لیے آسان اقساط پر گھروں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ جس کے تحت پہلے مرحلہ میں فیصل آباد سمیت چھ اضلاع میں 18 ہزار گھر بنانے کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد،سرگودھا،لاہور،سیالکوٹ،ملتان اور راولپنڈی میں گھر بنائے جائیں گے۔ جاری کردہ دستاویزات کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور راولپنڈی میں 100،100 کنال پر 3،3 ہزار گھر بنیں گے۔
اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ "اپنی چھت،اپنا گھر" منصوبہ کے تحت صرف 60 روز میں ماڈل گھر تیار کرے گی۔ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی نے ڈپٹی کمشنرز سے سائٹ سلیکشن پر تفصیلات مانگ لی ہیں۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سی سی او، آئی ڈی اے پی نے افعال کار اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
جس میں انہیں آئی ڈی اے پی کے نئے پراجیکٹ اور زیر تکمیل منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کمپلیکس کی تکمیل میں تاخیر پر تحفظات کااظہارِ کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی ایچ کیو میانوالی نئی عمارت میں منتقل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔ اس کے علاوہ محمد نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور کینسر ہسپتال لاہور کی مقررہ مدت میں تکمیل کا حکم بھی دیا گیا۔
مریم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لیہ، بہاولنگر جنرل ہسپتال، نشتر ہسپتال ٹو کے پراجیکٹ کو جلد پوری طرح مکمل اور فنکشنل کیا جائے۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی جیسے ادارے کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔