اسمبلیاں گن پوائنٹ پر تحلیل نہیں ہونگی: خواجہ سعد رفیق
04:22 AM, 26 May, 2022
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کے مطالبات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسمبلیاں گن پوائنٹ پر تحلیل نہیں ہونگی۔ مخلوط حکومت پر دھاوے کی سازش کرنیوالا فسادی اور اس کے سہولت کار مسند اقتدار تک پہنچنے کی بجائے صرف ایندھن بنیں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نازک ترین معاشی حالات میں وفاقی حکومت پر دھاوے نے ملکی سلامتی کیلئے خطرات پیدا کر دئیے ہیں۔ آئی ایم ایف کبھی نگراں حکومت سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ہر قیمت پر اقتدار میں رہنے کی ناپاک شیطانی عمرانی خواہش ریاست کو اغیار کی معاشی غلامی کا طوق پہنا دے گی۔ حکومت کو مفلوج کرنا انصاف کا خون ہے۔ جتھوں کا عفریت باری باری سب کو ڈسے گا۔ https://twitter.com/KhSaad_Rafique/status/1529615685609000961?s=20&t=9sfR7mpqTXi9tHaluV0HCA ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے راستے کھول دینے کے عدالتی حکم کے بعد وفاقی دارالحکومت گھنٹوں سے جل رہا ہے۔ پی ٹٰ آئی کے کارکن توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور گھیراؤ جلاؤ کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2014 ء کے پرتشدد دھرنے کی تاریخ فراموش کرکے ان مسلح جتھوں کو اسلام آباد کے گھیراؤ کی اجازت کیوں دی گئی؟ بغیر کسی گارنٹی خونی لانگ مارچ کے سامنے سے رکاوٹیں ہٹوانے، گرفتار شدگان کی رہائی، آئی جی اسلام آباد کی بے عزتی اور ان کا جلسہ کروانے کے بندوبست کی قیمت اب ساری قوم اور جمہوری نظام ادا کریگا۔