کیا بیگی کپڑے پہننا چھوڑ دوں؟ عاصم اظہر کا باڈی شیمنگ پر لوگوں سے سوال

04:43 PM, 26 May, 2023

احمد علی
پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار عاصم اظہر کو حال ہی میں مداحوں نے باڈی شیمنگ کا نشانہ بنایا ہے اور ان کی تصویروں پر سخت تنقید بھی کی ۔ تفصیلات کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے اپنے امریکا کے مختلف شہروں میں ہونے والے کنسرٹ کی تصاویر شیئر کی ۔ انہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے سولڈ آؤٹ شوز پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تاہم ان تصاویر کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں باڈی شیمنگ کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر تنقیدوں کی بوچھاڑ ہی شروع کردی ۔ شئیر کی گئی کانسرٹ کی ان تصاویر میں عاصم اظہر نے نیلے رنگ کی جینز اور سفید رنگ کی ٹی شرٹ کے ساتھ بڑے سائز کی سیاہ جیکٹ پہن رکھی تھی۔ ان تصاویر کے کمینٹس سیکشن میں تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے 26 سالہ عاصم اظہر کا موازنہ گلوکار عدنان سمیع خان سے کرتے ہوئے لکھا کہ ’عاصم اب عدنان سمیع کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔ کچھ صارفین نے ان کی منگیتر اور اداکارہ میرب کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ ’بھائی تھوڑا وزن کم کرو، ورنہ آپ کی بیوی آپ کے سامنے بہت چھوٹی نظر آئے گی‘ جبکہ کسی نے انہیں جم جانے کا بھی مشورہ دے دیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے باڈی شیمنگ کا سامنا کرنے کے بعد گلوکار نے اپنی چند نئی تصاویر انسٹااسٹوری میں شیئر کیں، جن میں وہ کچھ حد تک تنگ ٹی شرٹ اور جینز میں نظر آئے اور سوشل میڈیا صارفین سے سوال کیا کہ ’کیا میں بیگی کپڑے پہننا چھوڑ دوں؟‘۔
مزیدخبریں