9 مئی کے واقعات ریاست کے خلاف بغاوت تھی، خواجہ آصف
05:56 PM, 26 May, 2023
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات ریاست کے خلاف بغاوت تھی، عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا اس کا ری ایکشن نہیں آیا، گرفتاری کا کیوں آیا؟۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دکھ اور رنج کی بات ہے کہ قائداعظم کی تصاویر کو جلایا گیا، ان کے پیانو کو تباہ کیا گیا۔ توڑ پھوڑ کرنے والے نظریاتی اور ذہنی طور پر پاکستانی نہیں تھے، ان لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ بخشا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ توڑ پھوڑ کیلئے باقاعدہ 8، 10 روز تک ٹریننگ دی گئی، شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی، 9 مئی کو ریڈ لائن کراس ہوئی، پہلے کبھی کسی نے ایسا سوچا تک نہیں، 9 مئی کو اداروں کی تکریم کو قصداً پامال کیا گیا، فوج کی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو مسخ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی تنصیبات پر حملہ، شہدا کی یادگاروں کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے، شہدا ہماری تاریخ کے روشن باب ہیں۔ پوچھتے ہیں کہ حملہ آوروں پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کیوں مقدمات بنائے؟، ہر جگہ آپ کو ایک ہی پیٹرن اور طریقہ کار نظر آئے گا، اس سے ظاہر ہوتا ہے ان کو ٹرین کیا گیا تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ایک باقاعدہ بغاوت تھی، عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا اس کا ری ایکشن نہیں آیا، گرفتاری کا کیوں آیا؟۔ عمران خان نے اپنی گفتگو میں کبھی موقع نہیں چھوڑا، انہوں نے ہمیشہ پاک فوج کو نشانہ بنایا ہے۔