عمران خان کی رپورٹس میں شراب اور کوکین کا استعمال سامنے آیا ہے،وزیر صحت
06:25 PM, 26 May, 2023
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران خان کے یورین سیمپل کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق شراب اور کوکین کا استعمال ملا۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا فرض ہے بحیثیت وزیر صحت کچھ چیزیں سامنے رکھوں ، عمران خان نے پانچ چھ ماہ بھاری پلستر پاوں پر چڑھایا جبکہ انکی رپورٹ میں فریکچر نہیں آیا۔ عبد القادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان کے یورین سیمپل کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق شراب اور کوکین کا استعمال بھی ملا، پانچ سینئر ڈاکٹرز کے پینل نے ابتدائی رپورٹ بنائی ہے، میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ عمران خان اپنے جھوٹ کو سچ کہتا ہے اور دوسروں کو منوانے کی کوشش کرتا ہے،جب سے عمران خان حکومت سے نکالا گیا نوجوانوں کو بھی غلط راستے پر نکالا، ماں بہن بہو بیٹی کی عزت تباہ ہوگئی، سیاسی اختلاف برداشت کرنے کا مادہ دشمنی میں بدل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریمانڈ کے دوران ضمانت ملے یا عدالت کی طرف سے انصاف بھی مل جائے جو چیز ریکارڈ پر موجود ہے وہ رہے گی ، میں نے جو کہا تھا وہی ہوا عمران خان کی میڈیکل رپورٹس سامنے آئیں جو ٹھیک نہیں۔ عبد القادر پٹیل نے کہا کہ ہم نے اکہتر کے بعد نو مئی جیسے حالات سوچے بھی نہیں تھے، جب جب ملک پر برا وقت آیا ہم افواج کے ساتھ کھڑے رہے،کل بھی ماہی گیروں نے کشتیوں میں پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی، ہمیں پاکستانی ہونے ہر فخر ہے ، ہم اپنے شہداء کی بے حرمتی سوچ بھی نہیں سکتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میری التجا ہے جو عمران خان کے پیچھے چل رہے ہیں وہ چھوڑ دیں ، کیا کوئی عزت دار آدمی عمران خان کو ماؤں بینوں کے بیچ کھانے پر بلائے گا ؟؟۔