الخدمت فاؤنڈیشن کا غزہ کے بچوں ، خواتین کیلئے 3 روزہ غزہ پیکنگ ڈرائیو کا آغاز

08:24 PM, 26 May, 2024

(ویب ڈیسک ) صدر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ پاکستان کلثوم فاطمہ رانجھا کا کہنا ہے کہ  الخدمت کی غزہ پیکنگ ڈرائیو کا مقصد غزہ کے مصیبت زدہ بہنوں اور بچوں تک یہ احساس پہنچانا کہ پاکستان کی بہنیں اور بچے اُن کے ساتھ ہیں۔

  الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ نے غزہ کے جنگ سے متاثرہ بچوں اور خواتین کے لیے تین روزہ ’ غزہ پیکنگ ڈرائیو‘ کا آغاز کر دیا۔الخدمت کمپلیکس میں جاری تین روزہ پیکنگ ڈرائیو میں الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ پاکستان کی صدر کلثوم فاطمہ رانجھا، سیکر ٹری جنرل سمیعہ سلمان، مختلف جامعات کی طالبات اور دیگر ذمہ داران  سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی خواتین رضاکار شرکت کر رہی ہیں۔

 اِس موقع پر الخدمت ویمن ونگ پاکستان کی صدر کلثوم فاطمہ رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم اور بمباری سے ہزاروں افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں اور تقریبا ایک لاکھ حاملہ خواتین ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے جہاں غزہ کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے بڑا کام کیا ہے اور اب تک اڑھائی ارب روپے کی مالیت سے 2080 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کو فراہم کرچکی ہے۔ وہیں الخدمت ویمن ونگ کے تحت غزہ کے بچوں اور خواتین کی ضروریات کے پیش نظر پریگنسی کٹس، بے بی کٹس اورہائی جین کٹس پر مشتمل امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے اور غزہ پیکنگ ڈرائیو اِسی کاوش کا شاخسانہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہماری فلسطینی بہنیں، بیٹیاں اور بچے انتہائی تکلیف دہ حالات کاسامنا کررہے ہیں اور الخدمت ویمن ونگ کے تحت غزہ پیکنگ ڈرائیو کا مقصد اُن مظلومین تک یہ احساس پہنچانا ہے کہ پاکستان کے بچے اور خواتین اُن کے ساتھ ہیں۔

 صدر الخدمت ویمن ونگ نے بتایا کہ طالبات اور رضاکاروں نے غز ہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پیکنگ کیلئے خود کو رجسٹرڈ کروایا ہے اور پیکنگ کا یہ سلسلہ تین دن تک جاری رہے گا۔ 

اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے بھی غزہ پیکنگ ڈرائیو کا دورہ کیا اور الخدمت وومن ونگ کی غزہ کے بچوں اور خواتین کے لیےجذبات، کاوشوں اور عملی اقدامات کوسراہا۔ 

سید وقاص جعفری نے کہاکہ پیکنگ کے بعد مدر اینڈ چائلڈ پروٹیکشن کٹس سمیت دیگر امدادی سامان کراچی پورٹ پہنچے گا جہاں سے اسے غزہ کیلئے روانہ  کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں