ڈاکوؤں نے کیشیئر کو گولی مارکر پٹرول پمپ لوٹ لیا
11:46 AM, 26 Nov, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) پٹرول پمپس کی ہڑتال ختم ہوتے ساتھ ہی سبزاہ زار میں ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے کیشیئر کو گولی ماردی۔ سبزاہ زار کے علاقے حسن ٹاون پر واقعہ اٹک پٹرول پمپ پر صبح کے وقت موٹر سائیکل پر سوار تین ڈاکو لوٹ مار کے لیے پہنچے۔ ایک ڈاکو موٹر سائیکل سٹارٹ کر کے کھڑا رہا اور چادروں سے اپنے آپ کو چھپائے ہوئے دو مسلحہ ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ کے کیشیئر پر گولی چلادی ۔ کیشیئر نے تمام کیش ڈاکوؤں کو دے دیا لیکن ڈاکو مزید کیش کی ڈیمانڈ کرتے رہے اسی دوران ایک ڈاکو بار بار گولی چلانے کے لیے اسلحہ دکھاتا رہا اور کیشیئر ہاتھ جوڑ جوڑ کر رحم کی اپیل کرتا دیکھائی دیتا رہا۔ پٹرول پمپ پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے تمام مناظر ریکارڈ کر لیے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ بے رحم ڈاکو نے کیشیئر کے ہاتھ جوڑنے پر بھی ترس نہ کھایا اور کیشیئر پر گولی چلا دی۔ پٹرول پمپ سے ایک لاکھ سات ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجیز کی مدد سے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ملزمان کو تاحال گرفتار نہ کیا جا سکا۔