ویب ڈیسک:پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کا احتجاج تیسرے روز میں داخل ہو گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گنڈا پور اور اہلیہ عمران خان بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا۔مساجد سے پُرامن رہنے کے اعلانات کا سلسلہ جاری۔
تفصیلات کے مطابق زیرو پوائنٹ کے قریب مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس نے جواباً آنسو گیس کی شیلنگ کی، شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ ہاؤس سمیت تمام اہم سرکاری عمارتوں پر فوج تعینات کر دی گئی ہے۔
ڈی چوک کے قریب مسجد سے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔احتجاج سب کا حق ہےلیکن سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر آپ کے خلاف کارروائی ہوگی،توڑ پھوڑ نہ کریں،لوگوں کو نقصان نہ پہنچائیں،پرامن رہیں۔
پی ٹی آئی قافلہ نے جی 9 سگنل کی رکاوٹیں عبورکرلیں
قبل ازیں تحریک انصاف کا قافلہ جی 9 کے قریب پہنچ گیا، قافلہ جی 9 سگنل کی رکاوٹیں عبور کرگیا، پولیس اور رینجرز نے جی 9 سگنل سری نگرہائی وے پر مورچے سنبھال لیے۔
پی ٹی آئی کا قافلہ رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد جی 9 سگنل سری نگرہائی وے کی طرف پیش قدمی کررہا ہے، جی 9 سگنل پر بھی پولیس اور انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر رکاوٹ کھڑی کر رکھی ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس علی رضا علوی آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔
قبل ازیں بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احتجاج کیلئے متبادل جگہ کی حامی بھرنے کے باوجود بشریٰ بی بی نے ماننے سے انکار کردیا۔
موبائل انٹرنیٹ سروس کے بعدوائی فائی کو کنٹرول کرنے پرغور
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پابندیوں مزید سخت کرنے کا امکان ہے، موبائل انٹرنیٹ سروس کو مزید کنٹرول کرنے پر غور جاری ہے،موبائل ڈیٹا کے بعد وائی فائی کو بھی کنٹرول کرنے کا امکان ہے،امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے موبائل انٹرنیٹ سروسز مزید کنٹرول رکھی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مخصوص مقامات پر انٹرنیٹ سروس مکمل طور بند کیے جانے کا امکان ہے،کشیدہ صورتحال کو کنٹرول نہ ہوئی توموبائل انٹرنیٹ کے ساتھ موبائل سروس معطل کی جاسکے گی۔ملک بھر میں احتجاج تحریک کا دم توڑنے کے لیے پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔
اسلام آبادجانےوالے راستے پھربند
لاہور رنگ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا،موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ اور بابوصابو کی جانب سے بھی بند کردی گئی ہے جبکہ راوی پل بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں: بشریٰ بی بی
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں، عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے، ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی معاملات پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت دھرنے کیلئے حتمی مقام کا تعین کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت میں کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ کارکنان کو اسلام آباد حتمی مقام تک لے جانے کیلئے رابطہ کاری میں مشکل ہو رہی ہے۔
بیرسٹر گوہر کی عمران خان سے دوسری اہم ملاقات
اس سے قبل بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دوسری اہم ملاقات ہوئی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سے بھی ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد کی عمران خان کیساتھ 40 منٹ تک جاری رہنے والی بات چیت میں بیرسٹر گوہر نے احتجاج اور حکومت کی طرف سے آپشنز سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔
حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق، عمران خان کا ویڈیو پیغام
اس دوسری اہم ملاقات میں عمران خان نے بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور کارکنوں کیلئے اہم پیغام ریکارڈ کروایا تھا۔
عمران خان کے ویڈیو پیغام ریکارڈ کروانے کے بعد بیرسٹر گوہر بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام دکھانے کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویڈیو پیغام سننے کے بعد بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کا امکان تھا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے ویڈیو پیغام میں حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کیا گیا ہے۔
کرفیو بھی لگانا پڑا تو لگائیں گے: محسن نقوی
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہم نے مظاہرین سے کہا تھا ڈی چوک پر جس نے بھی جلسہ کیا کبھی اجازت نہیں ملی، درخواست دیں اور سنگجانی چلے جائیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت ملاقات کیلئے دو مرتبہ اڈیالہ گئی، انہیں وہاں سے بھی اپروول مل گئی ہے، چاہےدفعہ 144 نافذ کرنی ہو یا ہمیں انتہائی اقدام تک جانا پڑے پہلے ہی بتا رہے ہیں نقصان ہوا تو ہم ذمہ دار نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد میں فوج طلب
دوسری جانب رات گئے شر پسندوں کے ہاتھوں 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد وزارتِ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اسلام آباد میں فوج طلب کر لی ہے اور شر پسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں 5 رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی پُرامن احتجاج کرے،امریکا بھی میدان میں آگیا
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ پُرامن احتجاج کریں اور تشدد سے گریز کریں۔
میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں پاکستان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی قوانین اور آئین کا احترام یقینی بنایا جائے۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی حکام سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادی کا احترام کریں۔
چائنہ چوک اور ڈی چوک پر پولیس کی نفری تعینات
پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب اسلام آباد کی چائنہ چوک اور ڈی چوک پر پولیس کی نفری تعینات ہے۔سیکرٹری داخلہ نے ڈی چوک کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا، کل دن بھر مختلف مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئيں۔
کٹی پہاڑی پر پولیس سے مڈ بھیڑ ہوئی جہاں کارکن رکاوٹیں عبور کرکے آگے نکل گئے جب کہ پولیس نے کارکنوں پر شیلنگ بھی کی، ہکلہ انٹرچینج کے مقام پر کارکنوں نے سڑک کنارے جھاڑیوں کو آگ بھی لگائی۔
احتجاج کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش ہے، اسلام آباد آنے والے تمام راستے بند ہیں اور میٹرو بس سروس معطل ہے جب کہ جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ کی فراہمی بھی جزوی معطل ہے۔
دوسری جانب لاہور شہر سے دیگر علاقوں کو جانے والے راستے بند لیکن شہر کے اندر معمولات زندگی رواں دواں ہے۔
سکھر ملتان موٹروے بھی بند ہے جب کہ جی ٹی روڈ بھی لالہ موسی،کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بدستور بند ہے۔
پی ٹی آئی کا احتجاج، میٹرو بس سروس چوتھے روز بھی متاثر
پی ٹی آئی احتجاج کےباعث لاہور میٹرو بس سروس چوتھے روز بھی متاثر ہے،شاہدرہ سےگجومتہ تک میٹرو بس سروس کومحدودکردیاگیا۔لاہورمیٹروبس انتظامیہ کاکہنا ہےکہ میٹروبس گجومتہ سےایم اوکالج تک چلائی جارہی ہے،میٹرو بس ہفتے کے روزمحدوداور اتوارکوبندرکھی گئی، میٹرو بس سروس کومحدوداحتجاج کی کال کےباعث راستوں کی بندش کی وجہ سےکیاگیا جبکہ اورنج ٹرین سروس معمول کےمطابق علی ٹاون سےڈیرہ گجراں رواں دواں ہے۔
پی ٹی آئی احتجاج اور راستوں کی بندش کے باعث ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ
پی ٹی آئی احتجاج اور راستوں کی بندش کے باعث اسلام آباد کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ کراچی اور کوئٹہ سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 326 اور 310 جبکہ کراچی اور اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 369 کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔فلائٹ شیڈول کے مطابق دبئی، اسلام آباد اور عمان کی خصوصی پروازیں آر جے 71 اور آر جے 72 کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔اس کے علاوہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر مختلف ایئر لائنز کی 28 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔