ویب ڈیسک: آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی ختم ہوگئی۔ اس کا اہتمام سعودی عرب کے شہر جدہ میں کیا گیا تھا۔ میگا نیلامی میں 182 کھلاڑیوں پر 639.15 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
اس بار نیلامی میں 62 غیر ملکی کھلاڑی خریدے گئے۔ نیلامی کے اب تک کے تمام ریکارڈ بھی ٹوٹ گئے۔ رشبھ پنت تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہیں لکھنؤ سپر جائنٹس نے 27 کروڑ میں خریدا جبکہ ویبھو سوریاونشی سب سے کم عمر کھلاڑی رہےجنہیں راجستھان رائلز نے خریدا ان کی عمر تیرہ سال بتائی جاتی ہے۔
13 سال کی عمر میں ہی ویبھو سوریہ ونشی کو دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کا کنٹریکٹ مل گیا ہے۔ ویبھو کو آئی پی ایل نیلامی 2025 کے دوسرے دن راجستھان رائلز نے 1.10 کروڑ روپے کی بولی لگاکر خریدا۔ دھماکہ خیز اوپنر ویبھو آئی پی ایل کی نیلامی کی تاریخ کے سب سے کم عمر کروڑ پتی بن گئے ہیں۔
سمستی پور بہار سے تعلق رکھنے والے ویبھو سوریہ ونشی نے اتنی کم عمری میں کئی ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں۔ انہوں نے 2023-24 رنجی ٹرافی سیزن میں ممبئی کے خلاف 12 سال اور 284 دن کی عمر میں اپنا ڈیبیو کیا۔ وہ رنجی میں ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے لیجنڈ یووراج سنگھ اور سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے بالترتیب 15 سال 57 دن اور 15 سال 230 دن کی عمر میں رنجی میں قدم رکھا تھا۔
سوریہ ونشی نے حال ہی میں چنئی میں یوتھ ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف 62 گیندوں میں 104 رنز بنائے تھے۔ وہ مسابقتی کرکٹ کی 170 سالہ تاریخ میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے تھے۔
اس کے علاوہ انہوں نے یوتھ لیول پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ 52 گیندوں میں ان کی سنچری اس لیول پر دوسری تیز ترین سنچری تھی۔ ان سے پہلے انگلینڈ کے معین علی کا نام ہے جنہوں نے 56 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا۔
دوسری طرف کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ ویبھو کی اصل عمر 13 نہیں 15 برس ہے جس پر اس کے والد سنجیوسوریا ونشی کا کہنا ہے کہ جب وہ ساڑھے 8 سال کا تھا تو وہ پہلی بار عمر کے تعین کے لئے بی سی سی آئی کے ہڈیوں کے ٹیسٹ کے لیے حاضر ہوا تھا۔
ان کے والد کا مزید کہنا تھا کہ ویبھو پہلے ہی انڈیا انڈر 19 کھیل چکاہے ہم کسی سے نہیں ڈرتے دوبارہ عمر کے امتحان سے گزر سکتے ہیں۔
یادرہے ویبھو نے افغانستان کے اللہ غضنفر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل 2024 میں مجیب الرحمٰن کے متبادل کے طور پر لیا تھا۔
اس سے قبل، وہ بین الاقوامی سنچری درج کرنے والے سب سے کم عمر بلے باز (13 سال، 288 دن) بن گئے تھے۔ انہوں نے چنئی میں آسٹریلیا انڈر 19 کے خلاف انڈیا انڈر 19 کے یوتھ ٹیسٹ میں 62 گیندوں پر 104 رنز بنانے کے بعد یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے موجودہ کپتان نجم الحسین شانتو کا 14 سال اور 241 دن کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔