وزیراعظم سے صدر بیلاروس کی ملاقات، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

11:22 AM, 26 Nov, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آپ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔

شہباز شریف نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے آگاہ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش:

تین روزہ دورے پر پاکستان آئے بیلاروس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے پرجوش انداز میں مصافحہ بھی کیا۔

صدر بیلا روس الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر اعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا بعدازاں دونوں رہنماؤں کی ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں گزشتہ رات بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، نو رخان ایئر بیس پر ان کا تپاک استقبال کیا گیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔

پاکستان آمد پر صدر بیلاروس کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلیوٹ بھی پیش کیا۔

علاوہ ازیں پاکستان اور بیلاروس کی قیادت دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے۔

صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی آج وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے پر بات چیت ہو گی جبکہ ٹریڈ روڈ میپ سمیت دو طرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

مزیدخبریں