ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج، مشتعل کارکنان نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کو بوتلیں دے ماریں۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے قافلوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز کارکن اور پولیس اہلکار آمنے سامنے ہوئے جس پر حالات مزید بگڑ گئے، پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے خوب نعرے بازی کی گئی جبکہ ان کو روکنے کے لئے حکومتی احکامات پر عمل کرتے رستے بند اور رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، کنٹینرز رکھ کرمتعدد شاہراہوں کو آج بھی بند رکھا گیا،مظاہرین کے احتجاج کے دوران چار رینجرز اہلکاروں کی شہادت بھی ہوئی جس کے بعد اسلام آباد میں پاک فوج کو طلب کرلیا گیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بوتلیں دے ماریں، کارکنوں نے علی امین گنڈا پور پر حملے کی کوشش بھی کی، علی امین گاڑی سے باہر نکل کر کارکنان سے خطاب کرنا چاہتے تھے۔
کارکنان علی امین گنڈا پور کو ڈی چوک جانے کا کہتے رہے انکار کرنے پر انہوں نے گاڑی کو گھیراو کرلیا، وزیراعلیٰ کے پی کے کافی دیر اپنی گاڑی کے اندر رہے اور باہر کارکنان مشتعل تھے، جیسے ہی وہ گاڑی سے باہر خطاب کرنے کے لئے نکلے کارکنان بوتلیں دے ماریں جس کے بعد علی امین نے اپنی سکیورٹی طلب کی اور گاڑی میں بیٹھے گئے۔