ویب ڈیسک:تحریک انصاف کے مظاہرین کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، حکمت عملی تیار کرلی گئی، اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے بڑا ایکشن پلان تیار کر لیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈی چوک تک پہنچنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے، ڈی چوک کے اردگرد کے سیکٹرز میں قائم تمام مارکیٹس کو انتظامیہ نے فوری طور پر بند کروا دیا،میلوڈی، بلیو ایریا، آبپارہ، ایف-6 اور ایف-7 کی مارکیٹس مکمل طور پر سیل کر دی گئیں۔
رات کی تاریکی میں بڑے آپریشن کی منصوبہ بندی جاری ہے،آئی جے پی روڈ اور اسلام آباد کے اہم داخلی و خارجی راستے خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور مظاہرین کو سختی سے نمٹنے کا ارادہ رکھتی ہے،اسلام آباد میں کشیدہ حالات کے پیش نظرکسی بھی بڑے ایکشن کی توقع کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا پرتشدد احتجاج جاری ہے، پرتشدد کارروائیوں میں مجموعی طور پر 27 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی اراکین کی گاڑی چڑھانے سے 3 رینجرز اہلکار شہید ایک زخمی ہوا۔
پرتشدد مظاہروں میں مجموعی طور پر 5 شہری بھی جاں بحق ہوگئے، مظاہروں کے دوران مجموعی طور پر 16 شہری زخمی ہوئے۔