چیمپئینز ٹرافی؛ پی سی بی نے ICC کی نئی پیشکش بھی ٹھکرادی

11:18 PM, 26 Nov, 2024

ویب ڈیسک: چیمپئینز ٹرافی 2025 کے انعقاد کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل پر راضی ہونے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بھاری مالی معاوضے کی پیشکش بھی ٹھکرادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی مالی فوائد کی پیشکش کرتے ہوئے پی سی بی کو بھارت کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کروانے پر زور دے رہا ہے،تاہم پی سی بی نے ایک مرتبہ پھر ہائبرڈ ماڈل کیساتھ بھاری معاوضے کی پیشکش کو بھی ٹھکرادیا اور ہائبرڈ ماڈل تسلیم نہ کرنے کے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔

بھارتی و پاکستانی کرکٹ بورڈ کے درمیان اِس ڈیڈلاک کے سبب چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کیلئے براڈکاسٹرز کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن بھی گزر چکی ہے۔

دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کی مکمل میزبانی پاکستان کو ملتی ہے یا نہیں اس کا حتمی فیصلہ جلدی ہوگا، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ معاملہ ووٹنگ کے ذریعے حل ہوگا جس میں پاکستان پیچھے رہ سکتا ہے۔

 اس تنازع کے سبب آئی سی سی میں بھی کھلبلی مچ گئی ہےکیونکہ انہیں اندازہ ہے کہ یہ ڈیڈلاک کس طرح انٹرنیشنل کرکٹ کو متاثر کرسکتا ہے،بھارت کو آئندہ برس ویمن ورلڈ کپ، سال 2026 میں ٹی 20 ورلڈ کپ، سال 2029 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سال 2031 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی عدم شرکت کے بدلے پاکستان کا بھی اِن آئی سی سی ایونٹس سے دستبردار ہونا براڈ کاسٹنگ ریونیو پر خاصہ اثر ڈالے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل2027ء تک منعقد ہونے والے کرکٹ مقابلوں کے نشریاتی حقوق 3.2 ارب ڈالرز میں فروخت کرچکی ہے۔

مزیدخبریں