ویب ڈیسک: بابر اعظم نے اپنے والد کے سماجی کاموں میں معاونت کا اعلان کرتے ہوئے 250 طلباء کی تعلیم کا خرچہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے، اس مقصد کے لیے قومی ٹیم کے کپتان 20 لاکھ روپے کا فنڈ دیں گے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے ایک شاندار اقدام کرتے ہوئے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔ 27 سالہ بیٹنگ سپر اسٹار نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سماجی تنظیم نون کے ساتھ شراکت کرکے 250 مستحق طلباء کو تعلیم دے کر بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کا جشن منانا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ 'نون' ایک ایڈ ٹیک پلیٹ فارم ہے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ یہ اقدام ان کے والد اور رول ماڈل محمد اعظم اور سایا کارپوریشن کی معاونت سے کیا جائے گا۔ بابراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس منصوبے کے لیے 20 لاکھ فنڈ مختص کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی شاندار اننگز نے پاکستان کو بھارت کو شکست دینے میں مدد کی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 151/7 کا مجموعی اسکور بنایا جواب میں، 'بابر اعظم-محمد رضوان نے شاندار شراکت داری قائم کی، پاکستانی ٹیم نے بنا کوئی وکٹ گنوائے یہ ٹارگٹ حاصل کر لیا۔