ارشد شریف کے قتل کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، وزیر داخلہ

08:13 AM, 26 Oct, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے حقائق جاننے کیلئے تحقیقاتی ٹیم تشیل دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم 3 ارکان پر مشتمل ہے ، جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹیلی ایجنسیز کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا روانہ ہو گی اور ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرے گی ، جس کے بعد تحقیقاتی ٹیم حتمی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کی دبئی اور پھر کینیا روانگی کی وجوہات اور محرکات کا بھی جائزہ لے گی اس کے ساتھ تحقیقاتی ٹیم، کینیا پولیس اور دیگر ذرائع سے شواہد کی روشنی میں آزادانہ رپورٹ مرتب کرے گی۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ سیاسی شخصیت کے اعتراف کے بعد ٹیم ارشد شریف کو باہر جانے پر مجبور کرنے کے عوامل کا جائزہ لے گی، ٹیم نجی چینل سے منسلک شخصیت کی کینیا میں سونے کی اسمگلنگ سے متعلق کمپنی کے کردار کا بھی جائزہ لے گی۔
مزیدخبریں