شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارجی ہلاک

11:50 AM, 26 Sep, 2024

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 ستمبر کی درمیانی شب خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رزمک میں کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فورسز کے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن میں 8 خوارجی ہلاک ہوئے۔ آپریشن کےدوران اسلحہ،دھماکہ خیزمواداورگولیاں برآمد کرلی گئیں۔ 

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ ہلاک خوارجی سیکیورٹی فورسزپرحملوں، بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاقےمیں ممکنہ خوارجی کےخاتمےکیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسزدہشتگردی کےخاتمےکیلئےپرعزم ہیں۔

صدر مملکت نے شمالی وزستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، معصوم شہریوں کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت 8 خوارج جہنم واصل ہوئے، انشاء اللہ پورے ملک سے خوارج کا عنقریب مکمل خاتمہ ہو گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں ہمارا فخر ہیں۔

مزیدخبریں